سعودی عرب کے فلاحی ادارے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کے ذریعے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں (تقریباً چار ارب روپے) مالیت کے تعلیم، صحت، بحالی اور ترقیاتی منصوبوں اور خدماتی سہولتوں کے لئے مشترکہ تعاون پروگراموں اور عملدرآمدی معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر انجینئر احمد البائز اسسٹنٹ سپروائزر جنرل برائے آپریشنز اور پروگرامز کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب سینیٹر محمد اسحاق ڈار، سعودی عرب کے سفیر برائے پاکستان نواف بن سعید المالکی ،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے مختلف مشنز کے نمائندے اور سربراہان نے شرکت کی۔
اس منصوبے کے تحت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے ایک قومی لاجسٹک حب تعمیر کیا جائے گا، جو پاکستان بھر میں قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
مزید برآں، 2022 کے سیلاب سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے 1,000 مستقل مکانات تعمیر خیبر پختونخوا اور پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں کی جائیگی۔ ہر مکان میں دو کمرے، ایک باورچی خانہ اور ایک واش روم شامل ہوگا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ایک باوقار اور محفوظ رہائشی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ پاکستان بھر میں 300 کمیونٹی فیڈر اسکول تعمیر کیے جائینگے ، اس منصوبے میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو خصوصی توجہ دی جائے گی۔ تمام اسکول جدید سہولیات جیسے شمسی توانائی اور صاف پانی کی فراہمی سے آراستہ ہونگے۔ اسکولوں کی تکمیل کے بعد تمام اسکول نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیولپمنٹ (NCHD) کے حوالے کر دیے جائیں گے، تاکہ طویل مدتی پائیداری اور انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ان سکولوں سے تقریباً 15 ہزار بچے مستفید ہونگے۔ یہ منصوبہ بالواسطہ طور پر ایک لاکھ سے زائد افراد کو بھی فائدہ پہنچائے گا۔ ادارہ آزاد کشمیر میں 2005 کے زلزلے سے متاثرہ چار ہائی اسکولوں کی تعمیر نو بھی کریگا۔ یہ اسکول 3,400 طلباء وطالبات کے لیے ایک محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کریں گے ۔اس کے علاوہ ، 22 اہم منصوبوں کی تزئین و آرائش اورمرمت جن میں اسکول، صحت کے مراکز اور صاف پانی کے منصوبے شامل ہیں کو بھی بہتر بنایا جائے گا ۔ان منصوبوں سے تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار افراد کو براہ راست اور 6 لاکھ 90 ہزار افراد کو بالواسطہ فائدہ ہوگا ان منصوبوں کے ذریعےکنگ سلمان ریلیف سینٹر سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مدد کو جاری رکھنے، بحالی کی کوششوں اور پائیدار ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔