بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کی گھر میں گھس کر فائرنگ سے 7 مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کا واقعہ پنجگور کے علاقے خدابادان میں پیش آیا جس سے 7 مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔مزدوروں کا تعلق ملتان کی تحصیل شجاع آباد سے تھا۔
واقعے کے بعد زخمی شخص اور لاشیں ضلعی ہسپتال پنجگور منتقل کردی گئیں۔وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے پنجگور میں مزدوروں کے بہمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر دھرتی پر بےگناہوں کا لہو گرا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدل اور انسانیت سے بے بہرہ ہیں، وہ کب تک بلوں میں چھپیں گے، چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے۔