صوبائی دارالحکومت پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونے والی خیبر پختونخوا انٹرڈویژن گلوبل تائیکوانڈو چمپئن شپ کا کامیاب اختتام ہو گیا، جس میں ڈی آئی خان کی ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت چمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا جبکہ پشاور کی ٹیم دوسری پوزیشن پر رہی۔ ڈی آئی خان نے کل 18 گولڈ، 10 سلور اور 3 براؤنز میڈلز حاصل کیے جبکہ پشاور نے 2 گولڈ اور 18 چاندی کے تمغے جیتے۔
چمپئن شپ میں خیبر پختونخوا کی مختلف ڈویژنوں بشمول پشاور، مردان، ہزارہ، کوہاٹ، ملاکنڈ، بنوں اور ڈی آئی خان کی مرد و خواتین ٹیموں نے بھرپور شرکت کی، جس نے اسے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ بنا دیا۔تماشائیوں سے بھی ہال کچاکچ بھراتھا،جنہوں نے سنسی خیزمقابلوں سے حوب لطف اٹھایا۔
اختتامی تقریب میں پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان، صوبائی جوجٹسو ایسوسی ایشن کے صدر تحسین اللہ، حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر ابراہیم خان اور مارشل آرٹس کے مقبول کوچ اور کھلاڑی رئیل کمانڈو نے کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے اور ٹرافیاں دیں۔ پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود افریدی نے اس ایونٹ کی میزبانی کا کردار بخوبی نبھایا۔
مقابلوں کے نتائج کےمطابق 42 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پشاور کے تنویر نے گولڈ میڈل، تیمور نے سلور جبکہ ہزارہ کے ثمین نے براؤنز میڈل حاصل کیا۔48 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں ڈی آئی خان کے اسرار نے سونے کا تمغہ جیتا، پشاور کے علی نے چاندی اور شہزاد نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
53 کلوگرام ویٹ کیٹیگری کے ایونٹ میں ڈی آئی خان کے کامران نے گولڈ، پشاور کے صمد نے سلور اور ڈی آئی خان کے مزمل نے براؤنز میڈل حاصل کیا۔60 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پشاور کے صدام نے گولڈ، ڈی آئی خان کے عبداللہ نے سلور اور عاطف نے براؤنز میڈل جیتا۔72 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں ڈی آئی خان کے شہاب الدین نے سونے کا تمغہ، پشاور کے عثمان نے چاندی اور علی رحمن نے کانسی کا تمغہ جیتا۔
ڈی آئی خان ڈویژن کی شاندار کارکردگی کے بعد انہیں چمپئن ٹرافی دی گئی جبکہ پشاور کو رنر اپ ٹرافی کے ساتھ عزت افزائی ملی۔
اختتامی تقریب کے دوران مہمانان خصوصی نے نہ صرف کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا بلکہ پاکستان میں مارشل آرٹس سپورٹس کے فروغ میں پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے کردار کی بھی تعریف کی۔ پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان نے اس موقع پر کہا کہ ایسے مقابلے نوجوانوں میں نہ صرف جسمانی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ ان کی شخصیت میں خوداعتمادی اور نظم و ضبط کا بھی اضافہ کرتے ہیں۔
صوبائی جوجٹسو ایسوسی ایشن کے صدر تحسین اللہ نے بھی مارشل آرٹس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھیل نہ صرف جسمانی فٹنس بلکہ ذہنی طور پر مضبوطی فراہم کرتا ہے، اور پاکستان میں تائیکوانڈو جیسے کھیلوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ایک مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن اور خیبر پختونخوا گلوبل تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کو اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسے ایونٹس سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن ہوگا۔
مارشل آرٹس کے مقبول کوچ اور کھلاڑی رئیل کمانڈو نے کہا کہ تائیکوانڈو جیسے مقابلے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں، اور پاکستان میں اس کھیل کے فروغ کے لیے مزید ایسے ایونٹس کا انعقاد ضروری ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو میڈلز، سرٹیفکیٹس اور افیشلز کو یادگاری شیلڈز سے نوازا، اور چمپئن شپ کی اعلیٰ معیار کی تنظیم پر منتظمین کی تعریف کی۔