پینتھرز نے چیمپئنز ون ڈے کپ میںسٹالیئنز کو 20 رنز سے شکست دیدی

 پینتھرز نے چیمپئنز ون ڈے کپ میںسٹالیئنز کو 20 رنز سے شکست دیدی

 پینتھرز نے چیمپئنز ون ڈے کپ میںسٹالیئنز کو 20 رنز سے شکست دیدی۔اس جیت میں صائم ایوب کی شاندار سنچری نے کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ اس اننگز پر پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے۔یہ میچ جیت کر پینتھرز نے 24 ستمبر کو ہونے والے کوالیفائر کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا مقابلہ یوایم ٹی مارخورز سے ہوگا۔

ہفتے کو اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں شاداب خان کی جگہ پینتھرز کی کپتانی کرنے والے صائم ایوب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پینتھرز 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے۔اسٹالیئنز جواب میں 324 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پینتھرز کے اوپنرز صائم ایوب اور اذان اویس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 138 رنز کا اضافہ کیا جو اس ٹورنامنٹ میں پہلی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت ہے۔اذان اویس چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بناکر ابرار احمد کی وکٹ بنے۔

صائم ایوب نے پچھلی تین ناکام اننگز کا ازالہ شاندار سنچری سے کرتے ہوئے 130 گیندوں پر 156 رنز اسکور کیے جس میں 13 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔یہ اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی بیٹر کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے ۔ اس سے قبل کامران غلام نے مارخورز کی طرف سے پینتھرز کے خلاف 115 رنز بنائے تھے۔ لسٹ اے ون ڈے میں یہ صائم ایوب کی چوتھی سنچری ہے ۔

صائم ایوب اور عثمان خان کی شراکت میں116رنز بنے جو اس ٹورنامنٹ میں دوسری وکٹ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بھی ہے ۔ عثمان خان جارحانہ انداز میں 47گیندوں پر 8 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے75 رنز بناکر زمان خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اسٹالیئنز کی طرف سے زمان خان 90 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔اسٹالیئنز کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار ہوگئی جب 37 رنز کے مجموعی اسکور پر شان مسعود۔ کپتان محمد حارث اور بابراعظم کی وکٹیں گرگئیں۔بابراعظم صرف 5 رنز بناسکے۔ اس موقع پر طیب طاہر اور حسین طلعت نے اپنی ٹیم کو دوبارہ ٹریک پر لانے کی کوشش کی ۔ دونوں کے درمیان 157 رنز کی شراکت قائم ہوئی جو اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت ہے تاہم اس شراکت کے ختم ہونے سے اسٹالیئنز کے لیے ہدف تک پہنچنا مشکل ہوگیا۔ حسین طلعت تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

طیب طاہر نے 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 109 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کی لسٹ اے ون ڈے میں چھٹی سنچری تھی انہوں نے اس اننگز کے دوران لسٹ اے ون ڈے میں اپنے تین ہزار رنز بھی مکمل کیے۔اننگز کے آخری حصے میں زمان خان کی جارحانہ بیٹنگ نے اسٹالیئنز کی امیدوں کو دوبارہ زندہ کردیا۔ انہوں نے صرف 16 گیندوں پر42 رنز کی اننگز کھیل ڈالی جس میں ایک چوکا اور 6 چھکے شامل تھے تاہم وہ آخری اوور میں آؤٹ ہوگئے۔پینتھرز کی طرف سے مبصرخان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ علی رضا اور محمد حسنین نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔کل نورپور لائنز اور اینگرو ڈولفنز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

مختصر اسکور۔
لیک سٹی پینتھرز 344 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) صائم ایوب 156 ۔عثمان خان 75۔ اذان اویس 51 ۔زمان خان 90 / 4 وکٹ۔
الائیڈ بینک اسٹالیئنز۔ 324 رنز ( 49.3 اوورز ) ۔ طیب طاہر 109۔حسین طلعت 63۔ مبصرخان 77 / 3 وکٹ ۔
نتیجہ ۔ لیک سٹی پینتھرز نے 20 رنز سے جیتا۔

-- مزید آگے پہنچایے --