پی ٹی آئی لاہور کے جلسے میں قافلے کے ہمراہ شرکت کے لیے آنے والے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے غصے میں کلاشنکوف سے ٹرک کے شیشے توڑ دیے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور غصے میں کلاشنکوف کے بٹ مار کر ایک ٹرک کے شیشے توڑ رہے ہیں، بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ ٹرک کنٹینر کو لے کر کھڑا ہے۔
خیال رہے کہ لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد پولیس نے جلسہ گاہ کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے اسٹیج خالی کرادیا۔پی ٹی آئی کا جلسہ ختم ہونے تک وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور جلسہ گاہ نہ پہنچ سکے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کے مطابق جلسہ منتظمین جلسے کے اختتامی اوقات پرفوری عمل کریں، جلسہ ختم کرنے کا وقت 6 بجے تک تھا۔انہوں نے کہا کہ جلسہ ختم کرنے کے اوقات پر فوری عمل کیا جائے، این او سی کی خلاف ورزی پرقانون کےمطابق کارروائی کی جائےگی۔جلسے کا وقت ختم ہونے پر ڈی جے نے ساؤنڈ سسٹم بند کر دیا اور لائٹس بھی بند ہوگئیں جس کے بعث جلسہ گاہ میں اندھیرا چھا گیا۔پولیس نے مائیک اورلائٹس بندکرائیں۔ پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے اسٹیج خالی کروا کر کنٹرول سنبھال لیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہراسٹیج سے اترگئے۔لائٹس بند ہونے پر شرکا جلسہ گاہ سے واپس جانے لگے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی جلسہ انتظامیہ کے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔