حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 13 روپے فی لیٹر سے زائد کمی کا اعلان کردیا ہے۔ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 6 پیسے کمی کا اعلان کردیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے اعلامیے کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے پیش نظر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ قیمتوں کا اعلان آئندہ 15 روز کے لیے کیا گیا ہے جس کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہو چکا ہے۔وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے کی کمی کی گئی ہے اور اب پیٹرول 249 روپے 10 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے چھ پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 249 روپے 68 پیسے ہو گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 11 روپے 15 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد کی نئی قیمت 158 روپے 47 پیسے ہو گئی ہے۔لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر 12 روپے 12 پیسے سستا کردیا گیا ہے اور اب وہ 141 روپے 93 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔