امریکی ریاست فلوریڈا میں صدارتی الیکشن میں ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب فائرنگ ہوئی جس میں وہ محفوظ رہے۔امریکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی صدارتی الیکشن کی مہم کے سلسلے میں ڈونلڈ ٹرمپ ان دنوں فلوریڈا میں موجود ہیں۔ٹرمپ کی صدارتی مہم کے ترجمان اسٹیون چیونگ نے ایک بیان میں کہا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب فائرنگ ہوئی تاہم خوش قسمتی سے وہ اس سے محفوظ رہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اس حوالے سے مزید تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔
جب واقعہ پیش آیا تو اس وقت سابق صدر ویسٹ پام بیچ کے انٹرنیشنل گالف کلب میں گالف کھیل رہے تھے اور باوثوق ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد گالف کورس کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی سیکرٹ سروس نے ایکس پر بیان میں کہا کہ ہم پام بیچ کاؤنٹی میں واقعے کی شیرف کے ساتھ مل کر تحقیقات کررہے ہیں اور یہ واقعہ دوپہر 2 بجے سے کچھ دیر قبل پیش آیا۔یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہوگئے تھے جبکہ ٹرمپ کے محافظوں نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا میں منعقدہ ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے کہ اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اور گولی بظاہر سابق امریکی صدر کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی تھی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گولیوں کی آواز سنائی دینے کے بعد سابق امریکی صدر نے اپنے دائیں کان کو ہاتھ لگایا اور انتہائی پھرتی سے نیچے جھک گئے تھے البتہ کان کے پاس سے خون نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔
اس دوران ریلی میں بھگدڑ مچ گئی تھی اور لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے تھے تاہم چند ہی لمحے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے کھڑے ہو کر حامیوں کی طرف دیکھ کر فضا میں مکا لہرایا تھا۔واقعے کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کردی گئی تھی اور سیکیورٹی اہلکار سابق صدر کو حصار میں لے کر موقع سے روانہ ہوگئے تھے۔