قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا، اجلاس اب سہ پہر 4 بجے ہو گا۔قومی اسمبلی اجلاس کا اب ساڑھے 11 بجے کے بجائے شام 4 بجے ہوگا، قومی اسمبلی اجلاس کے وقت میں تبدیلی اسپیشل پارلیمانی کمیٹی کی خصوصی سفارش پر کی گئی۔کمیٹی نے صبح 10 بجے کی میٹنگ کے بعد اسپیکر سے کہا کہ اہم امور پر فیصلوں کے لیے وقت درکار ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی کی درخواست پر آج کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اجلاس کے وقت کی تبدیلی کا نوٹس جاری کر دیا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔آج کے ایجنڈے میں وقفہ سوالات کے علاوہ 2 توجہ دلاؤ نوٹس شامل ہیں جبکہ صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے خطاب پر اظہارِ تشکر بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔اراکین کی جانب سے نقطہ اعتراضات اٹھانے کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترامیم کا بل ضمنی ایجنڈے کے ذریعے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق عدلیہ سے متعلق آئینی ترمیم میں سپریم کورٹ کے ججوں کی مدتِ ملازمت 65 سال سے بڑھا کر 68 سال کرنے اور ہائی کورٹس کے ججوں کی مدتِ ملازمت 62 سال سے بڑھا کر 65 سال کرنے کی تجویز شامل ہے۔
جج تقرری کے طریقۂ کار میں بھی تبدیلی کا امکان ہے، جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کو ایک بنانے کی تجویز آئینی ترمیم کا حصہ ہو گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس آج ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا تھا جس کا 6 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا تھا تاہم اب قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔