ضلع مہمند میں خوارجی دہشت گردوں کی ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 ستمبر کو صبح 4 خوارج کے ایک گروپ نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے کیمپ میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی، جوابی کارروائی میں چاروں خوارج خودکش بمبار مطلوبہ نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مارے گئے، ہلاک حملہ آوروں کے قبضے سے خودکش جیکٹس ، ڈیٹونیٹر، اسلحہ اور بارودی مواد قبضے میں لے لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر خارجی دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع مہمند میں خارجی دہشتگردوں کی فرنٹیئر کور ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام بنانے پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کیمپ پر حملہ آور ہونے والے چار خود کش خارجیوں کو جہنم واصل کیا، مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاک فوج کے افسران و جوان فتنہ الخواج کے دہشتگردوں سے پاکستان کی مٹی کو پاک کرنے کیلئے مصروفِ عمل ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بزدل دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، بہادر سپوتوں نے فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر کے عبرتناک انجام تک پہنچایا، حملہ ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک وجود کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے ہمیشہ بروقت ایکشن کر کے دہشتگردوں کی کارروائیوں کو ناکام بنایا ہے جس پر قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے۔