190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ کل سنایا جائے گا

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ کل سنایا جائے گا

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر بریت کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی، نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل ظہیر عباس چوہدری آج عدالت سے غیر حاضر رہے تاہم بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل عدالت میں پیش ہوئے۔عمران خان کے وکیل کی غیر حاضری کے باعث 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے آخری گواہ تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جرح مکمل نہ ہوسکی۔

تاہم 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر بریت کی درخواست پر ان کے وکیل عثمان ریاض گل نے دلائل دیے جبکہ نیب پراسیکیوشن ٹیم نے بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے بریت کی درخواست کی شدید مخالفت کی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ کل 5 ستمبر کو اڈیالہ جیل میں سنایا جائے گا۔دوسری جانب وکلا صفائی کی جانب سے چیئرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست عدالت نے غیر مؤثر قرار دی، سماعت کے دوران بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

-- مزید آگے پہنچایے --