وزارت داخلہ نے ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں جاں بحق اور زخمیوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرا دیں۔ جس کے مطابق خیبر پختونخوا میں گزشتہ برس دہشتگردی کے 558 واقعات میں 580 افراد شہید اور 1447 زخمی ہوئے۔
قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق خیبر پختونخوا میں گزشتہ برس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 402 اہلکار شہید اور 1054 زخمی ہوئے۔ تحریری جواب کے مطابق خیبر پختونخوا میں گزشتہ برس 178 شہری شہید اور 393 زخمی ہوئے۔
تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں 2023 میں دہشتگردی کے 626 واقعات میں 315 افراد شہید اور 477 زخمی ہوئے۔ صوبے میں گزشتہ برس قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے 148 اہلکار شہید اور 198زخمی ہوئے جبکہ 167 شہری شہید اور 279 زخمی ہوئے۔
تحریری جواب کے مطابق سندھ میں گزشتہ برس دہشتگردی کے 19 واقعات میں 14 افراد شہید اور31 زخمی ہوئے۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے8 اہلکار شہید اور 26 زخمی ہوئے۔ صوبے میں 2023 میں دہشتگردی کے واقعات میں ایک شہری شہید اور 2 زخمی ہوئے۔
پنجاب میں 2023 میں دہشتگردی کے 8 واقعات میں 12 افراد شہید اور 11زخمی ہوئے۔ گزشتہ برس قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے 11 اہلکار شہید اور 9 زخمی ہوئے، جبکہ 2023 کے دوران ایک شہری شہید اور 2 زخمی ہوئے۔
تحریری جواب کے مطابق 2023 کے دوران اسلام آباد میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔ جبکہ گلگت بلتستان میں گزشتہ برس دہشتگردی کے 3 واقعات میں 9 افراد شہید اور 26زخمی ہوئے۔ وزارت داخلہ نے تحریری جواب میں کہا ملک میں امن وامان کی صورتحال بگڑ رہی ہے۔