پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہال آف فیم وقاریونس چیمپینز ون ڈے کپ میں لائنز کے مینٹور مقرر کیے گئے ہیں۔چیمپئنز ون ڈے کپ 12سے 29 ستمبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔
وقار یونس نے 17 ٹیسٹ اور 62 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی کپتانی کی ہے ۔ وہ 50 اوورز کے تین ورلڈ کپ میں کھیلے؛ تیز ترین 400 ون ڈے وکٹیں لینے کا ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں بہترین بولنگ 36 / 7 وکٹ کے ساتھ کپتانوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ 1992 میں انہیں وزڈن کرکٹرز میں شامل کیا گیا۔
انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں373 اور ون ڈے انٹرنیشنل میں 416 وکٹیں حاصل کیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 956 ہے۔وہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہیں۔
وقاریونس پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں۔
وقاریونس کا لائنز کا مینٹور بنائے جانے پر کہنا ہے کہ میں ایک بار پھر کھلاڑیوں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے بارے میں پرجوش ہوں۔
یہ نیا کردار ایک تازہ چیلنج ہے جسے میں بڑے جوش و خروش سے قبول کرتا ہوں۔ کچھ انتہائی باصلاحیت کرکٹرز کے ساتھ کام کرنے کے موقع کے علاوہ مینٹور میں ایک خوبصورت متحرک مقابلہ نظر آئے گا کیونکہ ہم میں سے ہر ایک دوسروں کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کرے گا۔ یہ دوستانہ مقابلہ یقینی طور پر جوش اور شدت پیدا کرے گا۔ شائقین کوسترہ دنوں کے دوران ایک سنسنی خیز ٹورنامنٹ میں بہترین کرکٹ اور یادگار لمحات دیکھنے کو ملیں گے۔۔
وقاریونس کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ون ڈے کپ کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور قومی انتخاب کے لیے اپنا دعویٰ کرنے کا ایک انمول موقع ہے۔ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ٹورنامنٹ ہمیں مستقبل کے اسٹارز کی شناخت میں مدد دے گا جو صحیح رہنمائی اور ترقی کے ساتھ آنے والے کئی سالوں تک ہمارے ملک کی خدمت کر سکتے ہیں۔ جہاں تک میرے کردار کا تعلق ہے، میں کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں دونوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ معلومات کا اشتراک کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔
میرا مقصد ان کی مدد کرنا ہے کہ وہ مزید موثر اور ُپراثر کھلاڑی بنیں تاکہ ہماری لائنز اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔
لائنز کے میچوں کا شیڈول (دن کا میچ صبح 9.30 بجے شروع ہوگا، ڈے نائٹ میچز دوپہر 3 بجے شروع ہوں گے):۔
13 ستمبر۔ بمقابلہ اسٹالینز۔ ڈے نائٹ۔
16ستمبر۔ بمقابلہ پینتھرز۔ ڈے میچ۔
20 ستمبر۔ بمقابلہ وولوز ڈے نائٹ۔
22ستمبر۔ بمقابلہ لائنز۔