بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، چین

بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، چین

بلوچستان میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات میں معصوم شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر چین کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے اپنی معمول کی پریس کانفرنس میں بلوچستان میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صوبے میں دہشت گردی کی رپورٹس کو دیکھا ہے، بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حملوں میں جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں، چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مضبوط کھڑا ہے اور انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ترجمان نے کہا کہ سماجی یکجہتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے، لوگوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین، پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے اور پاکستان کے ساتھ خطے میں امن و سلامتی کے مشترکہ تحفظ کے لیے تیار ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 14 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 50 افراد کو قتل کردیا تھا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات میں نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ، قلات، پسنی اور سنتسر میں لیویز اور پولیس تھانوں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد اموات ہوئیں۔سبی، پنجگور، مستونگ، تربت، بیلہ اور کوئٹہ میں دھماکوں اور دستی بم حملوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں، حکام نے تصدیق کی کہ حملہ آوروں نے مستونگ کے بائی پاس علاقے کے قریب پاکستان اور ایران کو ملانے والے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --