قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے۔ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایاز صادق نے پی ٹی آئی ایم این اے حاجی امتیاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر 26 اگست بروز پیر کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے جاری کیے ہیں۔قبل ازیں صدرِ مملکت مملکت آصف علی زرداری نے ملک کے ایوان زیریں قومی اسمبلی اور ایوان بالا سینیٹ کا اجلاس طلب کرلیا تھا اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے قومی اسمبلی کا اجلاس 26 اگست کو طلب کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا۔
قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 16 ویں قومی اسمبلی کا 9 واں اجلاس ہو گا، صدرِ مملکت نے قانون ساز ایوانوں کے اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی ذیلی شق ایک کے تحت طلب کیے ہیں۔واضح رہے کہ 3 روز قبل قومی اسمبلی کے رکن حاجی امتیاز احمد کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے باوجود پیش نہ کرنے پر پی ٹی آئی کے اراکین نے اسد قیصر کی قیادت میں ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب، آئی جی پولیس، آئی جی جیل خانہ جات، ڈی پی او گجرات اور ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی تھی۔