پائیدار امن کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات کو حل کیا جائے،منیر اکرم

پائیدار امن کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات کو حل کیا جائے،منیر اکرم

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے کہا ہے کہ پائیدار امن کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات کو حل کیا جائے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امن کے قیام اور فروغ سے متعلق مباحثہ سے خطاب میں انہوں نے تنازعات کے حل کیلئےعلاقائی اور بین الاقوامی حمایت کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور  پرتشدد انتہاپسندی کی جڑوں کو حل کرنے میں ناکامی نے تنازعات کے پھیلاؤ کو جنم دیا، اس حوالے سے بین الاقوامی حکمت عملی بڑی حد تک ناقص، غیر مؤثر  اور  غیر تسلی بخش رہی۔

منیر اکرم نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور  فلسطین میں غیر ملکی قبضے کے نتائج واضح ہیں۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں جاری نسل کشی کی جنگ کو ختم کروائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں دہشتگردی کے خلاف جنگ مقامی کمیونٹیز کی حمایت، مدد اور شمولیت کی وجہ سے کامیاب ہوئی، امید ہے کونسل میں ہونے والی بحث نئے سوچ کے زاویے پیدا کرے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --