راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے پہلے روز 4 وکٹوں پر 158 رنز بنا لئے

راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے پہلے روز 4 وکٹوں پر 158 رنز بنا لئے

پاکستان نے صائم ایوب اور سعود شکیل کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش کے خلاف بارش سے متاثرہ پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں جاری پہلا ٹیسٹ میچ گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث تاخیر کا شکار ہوا۔

میچ صبح 10 بجے شروع ہونا تھا لیکن صبح سویرے اسٹیڈیم اور اس کے اطراف 10 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث گراؤنڈ گیلا ہوگیا، میچ آفیشلز نے گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔

بعد ازاں آفیشلز کی جانب سے معائنے کے بعد ٹاس ہوا جسے جیتنے کے بعد بنگلہ دیش نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے دن کا کھیل دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہو جبکہ وقت ضائع ہونے کے سبب پہلے روز 90 کے بجائے صرف 48 اوورز کا کھیل کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کھیل کے آغاز پر ہی مہمان ٹیم کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب عبداللہ شفیق 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد کپتان شان مسعود بھی صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ بابر اعظم بغیر کوئی بنائے آؤٹ ہوئے۔

16 رنز ہر تین وکٹیں گنوا کر پاکستانی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی اور اس مرحلے پر نوجوان صائم ایوب کا ساتھ دینے سعود شکیل آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرنا شروع کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا اور چوتھی وکٹ کے لیے 98 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ اس دوران صائم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔

بنگلہ دیش کو چوتھی کامیابی اس وقت ملی جب پانی کے وقفے کے بعد صائم کی 56 رنز کی اننگز حسن محمود کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

اس کے بعد سعود شکیل کا ساتھ دینے محمد رضوان آئے اور دونوں نے دن کے اختتام تک مزید کسی نقصان کے بغیر اسکور کو 158 تک پہنچا دیا۔

جب خراب روشنی کے باعث کھیل قبل از وقت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے، سعود شکیل 57 اور محمد رضوان 24 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود اور شریف الاسلام نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --