امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں 28 اگست کو ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی کال دیدی، انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک گیر احتجاج میں تاجر رہنما بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا چولہا تو ویسے ہی بند کیا جارہا ہے، مہنگی بجلی ہے اور پھر اوپر سے ٹیکسز ہیں، تاجر اور تنخواہ دار سب ہی پریشان ہیں، وزیراعظم ٹیرف میں بنیادی تبدیلیاں کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ چند آئی پی پیز نے ہزاروں ارب روپے لوٹے ہیں، ہم کیوں آئی پی پیز کو پالیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہئے، نوازشریف نے مریم نواز کے ساتھ بیٹھ کر کل بجلی کی قیمتوں پر اعلان کیا، نوازشریف نے کل مجبوراً بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، حکومتی پارٹیوں نے پاکستان کا بیڑا غرق کردیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انہوں نے صرف 2 ماہ کیلئے 14 روپے کم کئے ہیں، ناجائز ٹیکس پاکستانی قوم ادا نہیں کرے گی، آپ دو ماہ کا ریلیف دے کر جان نہیں چھڑواسکتے، اگر جماعت اسلامی نے اقدامات نہ کئے ہوتے تو یہ لوگ ریلیف کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا 3 ہزار ارب روپے کا بجٹ ہے، سندھ کو 62 فیصد وفاق سے پیسے ملے ہوئے ہیں، کراچی ٹیکس دیتا ہے تو وفاق کا پورا نظام چلتا ہے، سندھ حکومت کا 3 ہزار ارب روپے کا بجٹ ہے، سندھ کو 62 فیصد وفاق سے پیسے ملے ہوئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ کراچی ٹیکس دیتا ہے تو وفاق کا پورا نظام چلتا ہے، سندھ حکومت کا حال یہ ہے کہ سندھ حکومت ریلیف دینے کو تیار نہیں، انہوں نے کہا تھا 100 یونٹ والوں کو ریلیف دیں گے، پنجاب میں 14،14 روپے کم ہوسکتے ہیں تو سندھ میں کیوں نہیں؟
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومتی پارٹیاں فارم 47 کی پیداوار ہیں، ایم کیو ایم کو کراچی سے ایک ووٹ نہیں ملا نیشنل اسمبلی کی 15 سیٹیں دے دی گئیں، یہ سب پورے پاکستان کے کرائسز کے ذمہ دار ہیں، پورے پاکستان کو ریلیف ملنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خیرات نہیں حق چاہئے، ہم ان نازوں میں پلے ہوئے آئی پی پیز کو مزید پیسے نہیں دے سکتے، کئی آئی پی پیز ہیں جو ان کے لاڈلے ہیں، کے الیکٹرک مافیا سب سے مہنگی بجلی بناتا ہے، کے الیکٹرک کو ہٹا دیا جائے، حب سے ڈائریکٹر کراچی کو بجلی دی جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ آپ کے الیکٹرک کو درمیان سے نکال کر 100 فیصد کراچی کو بجلی دے سکتے ہیں، ڈائریکٹ بجلی دینے سے لائن لاسز بھی دور ہوں گے اور کراچی کا بھلا بھی ہوجائے گا، سب نے کے الیکٹرک کی سہولت کاری کی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جو بجلی بن رہی ہے اور استعمال نہیں ہو رہی اس کے پیسے بھی ہم ادا کر رہے ہیں، ہم نے اپنی جو تحریک شروع کی ہے حق دو عوام کو اس کے تحت ملتان میں جلسہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب بھی ہمارا ساتھ دیں ہم انہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے، ہم تاجروں کی حمایت کر رہے ہیں، تاجر ہماری حمایت کریں گے، جماعت اسلامی کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے، اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے ہیں تو ہم لانگ مارچ کریں گے یہ تحریک آگے بڑھے گی، پاکستان آگے بڑھے گا، یہ دنیا کو لیڈ کرے گا۔