پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنے چوتھے میچ میں میلبرن رینیگیڈز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی چار میچوں میں تیسری کامیابی ہے۔اس سے قبل اس نے پرتھ اسکارچرز کو17 رنز سے اور تسمانیہ ٹائیگرز کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ میلبرن اسٹارز کے خلاف اسے 47 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جمعرات کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر میلبرن رینیگیڈز کو پہلے بیٹنگ دی جو18.3 اوورز میں 107 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان شاہینز نے جواب میں 18 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں میلبرن رینیگیڈز کی بیٹنگ لائن کسی بھی موقع پر سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔ ایک موقع پر اس کی 7 وکٹیں صرف 67 رنز پر گرگئی تھیں۔جے لیمائر نے سب سے زیادہ 23 رنز اسکور کیے۔ بلیک مکڈونلڈ نے 18 رنز بنائے۔پاکستان شاہینز کی طرف سے جہانداد خان نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ابتک چار میچوں میں9 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
عارف یعقوب۔ عمران جونیئر اور فیصل اکرم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان شاہینز کو 108 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں کا جلد نقصان اٹھانا پڑا۔ صاحبزادہ فرحان 4 اور کپتان محمد حارث 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ عمیر بن یوسف نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 25 رنز اسکور کیے۔ عثمان خان نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 38 رنز بنائے۔
طیب طاہر4 اور عرفان خان 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جہانداد خان نے ہیرس کی گیند پر چھکا مارکر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔پاکستان شاہینز اپنا پانچواں میچ 16 اگست کو بنگلہ دیش اے کے خلاف کھیلے گی۔
مختصر اسکور۔
میلبرن رینیگیڈز 107 رنز ( 18.3 اوورز ) جے لیمائر 23 ۔ بلیک مکڈونلڈ 18 ۔جہانداد خان 19 / 3 وکٹ۔ عارف یعقوب 19 / 2 وکٹ۔عمران جونیئر20 / 2 وکٹ۔ فیصل اکرم 25/ 2 وکٹ۔
پاکستان شاہینز 113 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ ( 18 اوورز ) ۔ عثمان خان 38 ۔ عمیر بن یوسف 25 ۔ ہیری ڈکسن 2 / 2 وکٹ۔ کین رچرڈسن 25 / 2 وکٹ۔
نتیجہ ۔پاکستان شاہینز نے 4 وکٹوں سے جیتا۔