پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنے تیسرے میچ میں تسمانیہ ٹائیگرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل اس نے پرتھ اسکارچرز کو17 رنز سے ہرایا تھا جبکہ میلبرن اسٹارز کے خلاف اسے 47 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
منگل کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر تسمانیہ اسٹارز کو پہلے بیٹنگ دی اور جو 20 اوورز میں 124 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان شاہینز نے15.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
تسمانیہ ٹائیگرز کے بیٹرز پاکستانی بولرز کا اعتماد سے مقابلہ کرنے میں ناکام رہے۔ عمران جونیئر نےصرف 18 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں ۔عباس آفریدی اور جہانداد خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔تسمانیہ ٹائیگرز کی طرف سے جیک ڈورین ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
پاکستان شاہینز کی اننگز کی خاص بات صاحبزادہ فرحان کی عمدہ بیٹنگ تھی انہوں نے 6 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ عمیر بن یوسف نے32 رنز اسکور کیے جس میں 3 چوکے شامل تھے۔ ان دونوں نے کپتان محمد حارث کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں 58 رنز کا اضافہ کیا۔مبصرخان ( 16 ناٹ آؤٹ ) اور عرفان خان ( 11 ناٹ آؤٹ ) نے پانچ وکٹیں گرنے کے بعد 26 رنز کی شراکت قائم کرکے جیت کو تکمیل تک پہنچادیا۔
تسمانیہ ٹائیگرز کی طرف سے ولیئم ویسٹ ویج نے تین وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان شاہینز اپنا چوتھا میچ15 اگست کو میلبرن رینیگیڈز کے خلاف کھیلے گی۔
مختصر اسکور۔
تسمانیہ ٹائیگرز 124 رنز ( 20اوورز ) جیک ڈورین 26۔ عمران جونیئر18 / 3 وکٹ۔ جہانداد خان 21 / 2 وکٹ۔ عباس آفریدی39 / 2 وکٹ
پاکستان شاہینز125 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ ( 15.1 اوورز ) صاحبزادہ فرحان 45 ۔ عمیر بن یوسف 32۔ولیئم پریسٹویج / 3 وکٹ۔
نتیجہ ۔ پاکستان شاہینز نے 5 وکٹوں سے جیتا۔