قومی ہیرو ارشد ندیم آبائی علاقے میاں جنوں پہنچ گئے ہیں، جہاں ہزاروں لوگوں نے قومی ہیروارشد ندیم کا پرتپاک استقبال کیا ہے۔ علاقے کے داخلی دروازوں پر خوش آمدید ارشدندیم کے بینرز آویزاں ہیں جبکہ ارشدندیم پرپھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی ہیں، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ہے۔
پیرس اولمپکس 2024 میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے ارشد ندیم کا لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ گولڈ میڈل حاصل کرنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، ارشد ندیم کا اظہار تشکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قوم کی دعاؤں سے اللہ نے عزت دی، امید تھی پیرس اولمپکس میں ملک کا نام روشن کروں گا۔قومی ہیرو کی پرواز کا لاہور ایئرپورٹ پر واٹر کینن سے استقبال کیا گیا ہے۔
جبکہ اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے لاہور سے میاں چُنوں جاتے ہوئے راستے میں نماز فجر کی ادائیگی کیلئے رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں قیام کیا، اس اہم کامیابی پر ارشد ندیم سجدہ ریز ہو کر اللہ کا شکر ادا کرتے بھی دکھائی دیے۔