اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، چیئرمین سینیٹ

اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت فراہم کر تا ہے اور پارلیمان میں بھی اقلیتی برادری مناسب نمائندگی رکھتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قانون سازی کے عمل میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔بین المذاھب ہم آہنگی کے زریعے ملک میں امن و استحکام ، اتحاد اور پر امن بقائے باہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اقلیتوں کو خصوصی اہمیت دی اور قومی ثقافتی تنوع میں اقلیتی برادری گلدستے میں سجائے گئے پھولوں کی مانند ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمان نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ ، انھیں قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کے لئے موثر قانون سازی کی ہے۔
اقلیتی برادری کو حقوق کی فراہمی کے لیے ایوان بالا نے موثر قانون سازی عمل میں لائی ہے۔قانون سازی کے عمل میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ممبران کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --