وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے تھانوں کو سمارٹ پولیس سٹیشن کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا حکم دے دیا۔محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد کے تھانوں کی اپ گریڈیشن پر پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ نے وفاقی دارالحکومت کے تھانوں کو سمارٹ پولیس سٹیشن کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ روایتی تھانے خوف کی علامت بن چکے ہیں، سائل آنے سے پہلے کئی بار سوچتا ہے، خود بھی تھانوں کے دورے کر چکا ہوں، اس دوران جو حالت زار دیکھی وہ ناقابل بیان ہے، اسلام آباد پاکستان کا چہرہ ہے اسے عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے بلاتاخیر سمارٹ پولیسنگ کی طرف جانا ہے، سمارٹ پولیس سٹیشن کیلئے ہر ممکن وسائل دیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خوش اخلاق و تعلیم یافتہ پولیس افسران کو سمارٹ پولیس سٹیشن میں تعینات کیا جائے گا، مرحلہ وار پروگرام کے تحت تھانوں کو اپ گریڈ کر کے سمارٹ پولیس سٹیشن میں تبدیل کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے منصوبے پر جلد عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپ گریڈیشن کیلئے کم لاگت کے ساتھ معیاری ڈیزائن تیار کیا جائے، انہوں نے دیگر عمارتوں میں قائم تھانوں کے لئے اراضی کی نشاندہی کی ہدایت بھی کی۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کیلئے میرٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ہر لحاظ سے فٹ، تعلیم یافتہ اور میرٹ پر پورا اترنے والے نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے گا، پولیس کے سائلین کے ساتھ رویے میں بھی مثبت تبدیلی ضروری ہے۔اس موقع پر اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈی آئی جی آپریشنز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔