خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں تین مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے 3 جوان بھی شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان تین مختلف مقامات پرفائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 4 خوارج سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے باعث ہلاک ہوگئے۔
تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن میں ضلع میانوالی سے تعلق رکھنے والے حوالدار انعام گل، ضلع ٹانک کے سپاہی محمد عمران اور ضلع مردان کے سپاہی الطاف خان شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کے خاتمے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وزیر اعظم نے خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر افسران و جوانوں کی پذیرائی کی۔