برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو کے قریب ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار تمام 61 افراد ہلاک ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اے ٹی آر ساختہ طیارہ بے قابو ہو کر گھومتا ہوا گھروں کے قریب درختوں کے جھرمٹ کے پیچھے جا گرا اور اس کے بعد کالے دھوئیں کا ایک بڑا بادل اٹھا۔
شہری حکام نے بتایا کہ کوئی بھی زندہ نہیں بچا اور مقامی کنڈومینیم کمپلیکس میں صرف ایک گھر کو نقصان پہنچا تاہم تمام رہائشی محفوظ رہے۔صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا نے حادثے کے فوراً بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حادثے میں مرنے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا کہا۔ایئر لائن وویپاس نے کہا کہ طیارے نے ریاست پارانا کے کاسکاویل سے ساؤ پالو کے ہوائی اڈے کے لیے اڑان بھری تھی، وہ ساؤ پالو کے شمال مغرب میں تقریباً 80 کلومیٹر کے فاصلے پر ونہیڈو قصبے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
ایئرلائن نے کہا کہ وہ اس بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کر سکتے کہ جہاز کے کریش ہونے کی وجہ کیا تھی۔حادثے کے چند منٹ بعد ساؤ پالو کے فائر بریگیڈ نے کہا کہ عملے کے7 ارکان کو فوری طور جائے حادثہ روانہ کر دیا ہے۔طیارے کو فلائٹ ٹریکر ’فلائٹ ریڈار24‘ نے اے ٹی آر 72-500 ٹربوپروپ کے طور پر درج کیا تھا، اے ٹی آر مشترکہ طور پر ایئربس اور اطالوی ایرو اسپیس گروپ لیونارڈو کی ملکیت ہے۔