پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ارشد ندیم سمیت قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں ارشد ندیم کی جیت پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ارشد ندیم نے انفرادی طور پر گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن کر تاریخ میں اپنا نام روشن کیا، اولمپکس میں پاکستان کیلئے شاندار کامیابی ارشد ندیم کی غیرمتزلزل لگن کا نتیجہ ہے۔اپنے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اولمپکس میں کامیابی ارشد ندیم کی انتھک محنت، ثابت قدمی اور مثالی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔