دوست ممالک کے سفراء کی ظفر بختاوری کیلئے اپنے ممالک کے اعلی ترین سول ایوارڈز کی تجویز۔
اسلام آباد: مختلف ممالک کے سفیروں اور سفارت کاروں نے ظفر بختاوری کو اپنے ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے میں ان کی بے مثال خدمات پر اعلیٰ ترین سول اعزازات سے نوازنے کی سفارش کردی۔
ممتاز کاروباری رہنما، سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ (ایف پی سی سی آئی، یو بی جی) ظفر بختاوری کے اعزاز میں منعقدہ ڈنر رسپشن میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین، ترکمانستان، ازبکستان، قازقستان، ایتھوپیا اور الجزائرکے سفیروں، انڈونیشیا اور آزر بائیجان کے مشنز کے نائب سربراہان، آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری، اعلی سول سرونٹس و کاروباری شخصیات کی شرکت۔مقررین نے بین الاقوامی تعاون اور تجارت کو فروغ دینے میں ظفر بختاوری کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔
ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف نے کہا کہ ظفر بختاوری کی دور اندیش قیادت میں اسلام آباد کی تاجر برادری پاکستان کے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لیے انتھک کوششیں کر رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ظفر بختاوری اس مقصد کے لیے جو کوششیں کر رہے ہیں ان سے وہ خود بھی بخوبی آگاہ ہیں۔اس لئے وہ ان کے ملک کے سول ایوارڈ کے حقدار ہیں۔
ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی روابط کا اظہار کیا۔ انہوں نے ظفر بختاوری کو ازبکستان کا سچا دوست قرار دیا، جو دونوں ریاستوں کے درمیان تاریخی تعلقات پر مکمل گرفت رکھتے ہیں اور انہیں اپنے ملک کے سول ایوارڈ کے لیے سب سے زیادہ اہل شخصیت قرار دیا۔
ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کے ایتھوپیا کے کامیاب کاروباری دورے اور براہ راست پروازوں کے آغاز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری مواقع تلاش کرنے میں مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ خاص طور پر دونوں ممالک اور افریقی اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں ظفر بختاوری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے ظفر بختاوری کو اپنے ملک کے اعلی سول ایوارڈ سے نوازنے کے تصور کی بھی توثیق کی۔
الجزائر کے سفیر، براہیم رومونی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ کاروباری برادری ہر ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، تمام سفیروں کی جانب سے اقوام کے درمیان تعلقات کو پروان چڑھانے کے لیے ظفر بختاوری کی خدمات کو تسلیم کرنے اور انہیں اپنے ملک کے سول ایوارڈ سے نوازنے کے لیے تمام سفراء کی طرف سے ایک تقریب کا اہتمام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
قازقستان کے سفیر یرزاہان کستافین نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کردار کو سراہا، بالخصوص ظفر بختاوری اور ان کے صاحبزادے احسن ظفر بختاوری، جو کہ آئی سی سی آئی کے موجودہ صدر ہیں، قوموں بالخصوص قازقستان اور پاکستان کو قریب لانے کے لیے ظفر بختاوری کو اپنے ملک کے اعلی ترین سول ایوارڈ کا حقدار قرار دیا۔
آذربائیجان کے ناظم الامور تیمرلان خلیلوف نے کہا، ”پاکستان اور آذربائیجان مثالی تعلقات ہیں، جوہر اچھے برے وقت میں ساتھ کھڑے رہے ہیں۔” انہوں نے ظفر بختاوری کو کاروبار کو فروغ دینے اور دوسرے ممالک کے ساتھ دوستی کے بندھن باندھنے میں ان کی انتھک کوششوں پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ظفر بختاوری کو اپنے ملک کا بہترین دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خدمات کے عوذ اعلی ترین سول ایوارڈ کے مستحق ہیں۔
انڈونیشیا کے مشن کے نائب سربراہ رحمت ہندیاراتا نے بھی بین الاقوامی دوستی کے رشتے کو فروغ دینے میں ظفر بختاوری کے کردار کو سراہا۔
ظفر بختاوری نے وسطی ایشیائی، افریقی اور آسیان ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی پائیدار اور مضبوط نوعیت پر روشنی ڈالی، قوموں کے درمیان دوستی اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا، ”جو بھی پاکستان کا دوست ہے وہ ان کا دوست ہے، انہوں نے تمام کاروباری رہنماؤں کو قومی اعزازات سے نوازنے کی ضرورت پر زور دیا جو عالمی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
بختاوری نے روزنامہ اتحاد میڈیا گروپ کے بانی مرحوم شریف فاروق (TI) کی خدمات کا بھی اعتراف کیا، جو ایک سچے محب وطن، تحریک پاکستان کے کارکن ہیں جنہوں نے قیام پاکستان کے بعد سے عالمی سطح پر پاکستان کی ترویج میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفربختاوری نے اپنی قیادت میں تاجر برادری خصوصاً اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود تاجر برادری ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے اپنا کردار مسلسل ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے حاضرین کو آئی سی سی آئی کی جانب سے دوسرے ممالک کے ساتھ ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے پائپ لائن میں موجود ممالک کے ساتھ کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے قوموں کے درمیان پل بنانے کے لیے اپنے والد کی خدمات کو سراہنے پر تمام مقررین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
میزبان طاہر فاروق، چیئرمین/ایڈیٹر انچیف روزنامہ اتحاد میڈیا گروپ اور پاکستان اکنامک نیٹ نے ظفر بختاوری کو دھرتی کا سچا بیٹا اور اسلام آباد کی پہچان قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان پر ذور دیا کہ وہ ظفر بختاوری کوملک کے اعلی ترین سول ایوارڈ سے نوازے۔