بنگلادیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے پر تشدد احتجاجی مظاہروں کے بعد حکومت نے جماعت اسلامی اور اس کی طلبا تنظیم چھاترو شبرپر پابندی عائد کر دی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلادیش میں حسینہ واجد کی حکومت نے جماعت اسلامی کو عسکری و دہشت گرد تنظیم قرار دے کر پابندی لگائی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی اور اس کے طلبا ونگ کو حالیہ طلبا احتجاج میں تشدد کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق جماعت اسلامی پر انسداد دہشت گردی قانون کے تحت پابندی لگائی گئی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق جماعت اسلامی پر پابندی کا فیصلہ گزشتہ دنوں 14 جماعتی حکومتی اتحاد کے اجلاس میں ہوا تھا۔جسے جماعت اسلامی بنگلادیش کے رہنماؤں نے غیر قانونی، غیر آئینی اور ماورائے عدالت قدم قرار دیا۔
یاد رہے کہ سرکاری ملازمتوں کے کوٹا سسٹم کے خلاف پچھلے ماہ طلبا نے احتجاج کیا تھا، طلبا مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 200 سے زیادہ مظاہرین جاں بحق ہوئے تھے۔پولیس نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں 10 ہزار سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔