یورپی ملک ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن نے پیش گوئی کی ہے کہ مستقبل میں پاکستان عالمی طاقتوں میں شامل ہوگا۔ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن نے رومانیہ میں تقریب میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی نظام تبدیلی کی طرف جا رہا ہے اور عالمی نظام میں تبدیلی ایشیا سے شروع ہونے والا عمل ہے۔ان کا کہنا تھاکہ مستقبل میں عالمی طاقت مغرب سے مشرق اور روس کی طرف منتقل ہوجائے گی، اگلی کئی دہائیوں شاید صدیوں میں ایشیا دنیا کا غالب مرکز ہوگا اور چین، بھارت، پاکستان اور انڈونیشیا دنیا کی بڑی عالمی طاقتیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ عالمی نظام کی تبدیلی بھی 500 برسوں پر محیط رہی ہے، مغرب کی توقعات کے برعکس اب ہرکوئی روس کی حمایت کر رہا ہے، چین، شمالی کوریا کے ساتھ اب ایران اور بھارت کے بھی روس سے اچھے تعلقات ہیں، نیٹو کا رکن ہونے کے باوجود ترکیہ بھی روس کے ساتھ ہے، مسلم دنیا بھی اب روس کو دشمن کے بجائے اتحادی سمجھتی ہے۔
مغربی میڈیا کے حوالے سے ہنگری کے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ آج دنیا کا بڑا مسئلہ مغرب کی کمزوری اور ٹوٹ پھوٹ ہے جو مغربی میڈیا نہیں بتاتا، مغربی میڈیا کا دنیا کا بڑا خطرہ روس اور اس سے لاحق خطرات کو قرار دینا غلطی ہے، روس کی قیادت اپنے ملک کے مفاد میں منطقی لحاظ سے چلتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ مغرب کا رویہ حقیقی اور حالات کو سنبھالنے والا نہیں ہے، اب وقت امن کی سیاست کا ہے، یوکرینیوں کو بھی یہ بات سمجھ آگئی ہے، یورپ کو بھی اب ہوش سے کام لینے کی ضروت ہے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے۔
ہنگری کے وزیراعظم نے زور دیا کہ یورپ نے امریکا میں ٹرمپ کے آنے سے پہلے امن پالیسی نہ اپنائی توبعد میں ساری ذمہ داری یورپ پر ہی ہوگی۔خیال رہے کہ وکٹر اوربن مسلسل 14 سال سے ہنگری کے وزیراعظم ہیں اور اپنی پارٹی کے سربراہ بھی ہیں۔