پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج اسلام آباد میں احتجاج مؤخرکرنے کا اعلان کردیا۔پی ٹی آئی کے ریجنل صدر عامر مغل کا کہنا ہے کہ آج دوپہر3 بجے احتجاج کی کال دی تھی جس کی اجازت کے لیے قانونی راستہ اپنایا اور ڈی سی کو 23 جولائی کو درخواست دی۔
عامر مغل نے کہا کہ ڈی سی سے اجازت نہ ملنے پر ہم نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا، ابھی تک عدالت نے احتجاج کے حوالے سے تحریری اجازت نہیں دی۔عامر مغل کا کہنا تھا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت کو اعتماد میں لے کر آج کے احتجاج کو عدالتی حکم کے احترام میں پیر تک مؤخر کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو احتجاج کی اجازت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔پی ٹی آئی کے آج اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت سے متعلق درخواست پر ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو پی ٹی آئی کے ساتھ مشاورت کا حکم دیتے ہوئے عدالت کو ساڑھے 12 بجے تک آگاہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کے اندر احتجاج کی تمام درخواستیں مسترد کر دی ہیں، شہریوں کی حفاظت کے لیے اس وقت کسی کو کوئی اجازت نہیں مل سکتی۔