وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب چار دہائیوں سے جاری تنازع کو ختم کرنے اور افغانستان اور خطے میں پائیدار امن و استحکام قائم کرنے کا وقت ہے۔ وزیر خارجہ نے افغانستان کے ساتھ دوطرفہ روابط میں معاونت اور بین الاقوامی انسانی امداد میں سہولت کے لئے پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے علاقائی روابط اور اقتصادی استحکام کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے تاپی،کاسا1000 اورTAP سمیت علاقائی روابط اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے پاکستان کے عزم کااعادہ کیا۔افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے انسانی امداد بھیجنے اور گزشتہ چار دہائیوں سے افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔