ناروے کپ 2024 کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کا آخری تربیتی کیمپ کل 21 جولائی سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگا۔تربیتی کیمپ 21 سے 25 جولائی تک یہاں جاری رہے گا جس میں ناروے کپ 2024 کے لیے ٹیم کے انتخاب کو حتمی شکل دی جائے گی۔قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کے لیے 25 جولائی کو ناروے جائے گی۔پاکستان اسٹریٹ چائلڈ ٹیم 27 جولائی سے 3 اگست تک اوسلو میں منعقد ہونے والے ناروے کپ میں پانچویں مرتبہ میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی۔قومی ٹیم ناروے کپ 2015 میں دوسرے، 2016 میں تیسرے اور 2023 میں دوسرے نمبر پر رہی۔واضح رہے کہ پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم گزشتہ سال ناروے کپ میں ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم تھی۔دوحہ (قطر) میں 2022 میں ہونے والے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں قومی ٹیم گروپ میچز میں ناقابل شکست رہی تاہم فیصلہ کن معرکے میں پاکستانی ٹیم کو مصر کے خلاف 4-3 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔پاکستان کی ٹیم روس میں ہونے والے سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ 2018 میں بھی رنر اپ رہی جبکہ 2014 میں برازیل میں تیسرے نمبر پر رہی۔