بجٹ کے بعد مہنگائی کی شرح میں مسلسل تیسرے ہفتے میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد وشمار کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح0.76 فیصد مزید بڑھ گئی، مہنگائی کی سالانہ مجموعی شرح 24 اعشاریہ 36 فیصد ریکارڈ ہوئی، ایک ہفتے کے دوران 29 اشیاء ضروریہ مہنگی، صرف 5 کے نرخ کم ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران چکن فی کلو 38 روپے 29 پیسے مہنگا ہوا، چکن کی فی کلو قیمت 373.25 روپے سے بڑھ 412 روپے تک پہنچ گئی، خشک دودھ 390 گرام کا بیگ 44 روپے 89 پیسے مہنگا ہوگیا، انڈے فی درجن 6 روپے 78 پیسے مہنگے ہوئے۔
اعداد وشمار کی رپورٹ انکشاف ہوا کہ رواں ہفتے کے دوران لہسن فی کلو 10 روپے 42 پیسے مہنگا ہوا، دالیں،تازہ دودھ، چینی،چاول اور دہی بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہے جبکہ ٹماٹر فی کلو 7 روپے 29 پیسے ، کیلے 3 روپے 62 پیسے سستے ہوئے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے کے دوران پیاز، دال مسور، ایل پی جی سستے ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں، بریڈ،کوکنگ آئل، چائے کی پتی، سگریٹ سمیت 17 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔