پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کاکہنا ہے کہ شہادت حسینؓ ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کاپیغام ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں حضرت امام حسینؓ ، شہدائے کربلا اور انکے رفقاء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور رفقاء کی قربانی ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کا دیرینہ پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہم سب کے لیے حق، انصاف، اور صداقت کے اصولوں کو قائم رکھنے کی یادگار ہے، امام اور ان کے خاندان کے قربانیاں تمام انسانیت کے لیے روشنی کا چراغ ہیں، شہداء کربلا کی ظالم کے خلاف جدوجہد کی کہانی ہر مظلوم انسان کی درسگاہ ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امام حسینؓ اور ان کا گھرانہ اسلامی اقدار کی حفاظت، انصاف، ہر ظلم کے خلاف کربلا میں لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، ان کا پیغام ظلم کے خلاف اتحاد، امن اور آہنگی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کربلا کی قربانی انتشار پسندی سے انکار کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، کربلا کا پیغام ہے کہ امت مسلمہ کو انتشار پھیلانے والوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔واضح رہے کہ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔