پی سی بی کی جانب سے ملک کے 104 اضلاع میں کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ

پی سی بی کی جانب سے ملک کے 104 اضلاع میں کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ

 پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی بار ملک کے 16 ریجنز کے 104 اضلاع میں فٹنس ٹیسٹ کرا نے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک بھرمیں جاری فٹنس ٹیسٹ میں 2300 سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ یہ ٹیسٹ گراس روٹ لیول پر فٹنس کے کلچر کو شامل کرنے کے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے وژن کے مطابق کرائے جا رہے ہیں۔

ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ سینئر ٹورنامنٹ 2024-25 کے لیے اسکواڈز کو جمع کرنے کے لیے اپریل اور مئی 2024 میں ہونے والے چیلنج کپ کے بعد ہر ضلع کے 23 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ ہر ضلع میں یہ 23 کھلاڑی متعلقہ ضلع اور علاقائی کوچز کی نگرانی میں سخت فٹنس اور اسٹرینتھ کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد کھلاڑیوں کو ان کے متعلقہ اضلاع میں 45 روزہ کیمپ کے لیے بلایا جائے گا جس کے بعد ستمبر میں انٹر ڈسٹرکٹ سینئر ٹورنامنٹ ہوگا۔

عبداللہ خرم نیازی، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے اس ڈومیسٹک سیزن میں ریجنل سطح کے بجائے ڈسٹرکٹ سطح پر فٹنس ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام یقینی طور پر کھلاڑیوں کو شروع سے ہی اپنی فٹنس کو ترجیح دینے پر مجبور کرے گا اور اس کے بعد یہ کلچر دوسرے ڈومیسٹک مقابلوں تک پھیلے گا۔ ٹورنامنٹ میں مزید فٹ کھلاڑیوں کی شرکت سے کرکٹ کا معیار بھی بلند ہوگا۔

-- مزید آگے پہنچایے --