وزیر خزانہ اور انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا تجارت کو وسعت دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

7

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، انجینئر ادیب وائی العماء (Engineer Adeeb Y. Al-Aama) سے ملاقات کی۔

ملاقات میں مالی معاونت کے شعبے میں تعاون اور پاکستان کی تجارت کو وسعت دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ نے پاکستان کی معاشی پیشرفت، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی کو اجاگر کیا۔

دونوں جانب سے مالی معاونت کی بقیہ قسط کا جائزہ لیا گیا اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں بہتری کے تناظر میں قرض پر عائد لاگت میں کمی کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ تکنیکی ٹیمیں مالی معاونت کی شرائط اور حجم میں ممکنہ تبدیلیوں کا جائزہ لیں گی، تاکہ دونوں فریقین کیلئے قابلِ قبول حل تلاش کیا جا سکے۔

وزیرِ خزانہ نے بیرونی قرضوں میں اضافہ کئے بغیر مہنگے اور قلیل مدتی قرضوں کی جگہ طویل مدت کی مالی معاونت حاصل کرنے کیلئے جاری کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں یورپی یونین کو پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں معاونت کیلئے مصنوعات کے ڈیجیٹل پاسپورٹ متعارف کرانے اور آسیان ممالک کے ساتھ تجارت کو آسان بنانے کیلئے سنگل ونڈو نظام کو باہم مربوط کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر دونوں جانب سے طویل مدتی شراکت داری برقرار رکھنے اور پاکستان کی برآمدات کو عالمی منڈیوں میں مزید مسابقتی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں