پشاور میں سکول کی چھت گرنے سے 34 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق، 51 بچے زخمی

7

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں سکول کی چھت گرنے سے 34 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوگئی، جبکہ ملبے تلے دب کر 51 بچے زخمی ہوئے۔ریسکیو حکام کے مطابق سکول کی چھت گرنے کا واقعہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کالج روڈ پر پیش آیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

ترجمان محمد عاصم کا کہنا ہے کہ دیر کالونی واقعے کے 21 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کو مردہ حالت میں ایل آر ایچ لایا گیا ہے، ہسپتال میں ایمرجنسی نافز کر دی گئی ہے، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جس میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال محمد عاصم کے مطابق تمام بچوں کی عمریں 6 سے 14 سال کے درمیان ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچیاں شامل ہیں۔

ترجمان ریسکیو پشاور کا کہنا ہے کہ سکول کی ایک چھت دوسری پر گرنے سے عمارت بیٹھ گئی، ملبے تلے دبنے سے بچوں کی اموائیں ہوئیں۔

ریسکیو آپریشن مکمل/ سکول مالک گرفتار

سی سی پی او کے مطابق تین منزلہ پرائیویٹ سکول میں 110 بچے زیر تعلیم تھے، عمارت کی چھتیں خستہ حال تھیں، سکول تنگ گلیوں میں ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔

ایس ایس پی آیریشنز نے کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، سکول مالک کو بھی حراست میں لے لیا ہے، مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

واقعے کی تحقیقات کے لئے ڈی سی پشاور نے کمیٹی بنا دی، انکوائری کمیٹی سے ایک روز میں رپورٹ طلب کر لی گئی۔

سکول کی عمارت گرنے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی، رپورٹ کے مطابق سکول کی عمارت پہلے سے خستہ حال تھی، پہلے ایک کمرے کی چھت گری، امدادی کارروائیوں کیلئے رش بڑھنے پر سکول کی باقی عمارت بھی گر گئی۔

رپورٹ کے مطابق سکول میں بعض بچوں کو رہائش کی سہولت بھی دی گئی تھی، سکول قریبی مسجد کے امام کی ملکیت، دینی اور دنیاوی تعلیم دی جا رہی تھی۔

پشاور میں نجی سکول کی چھت گرنے کے افسوس ناک واقعے کے بعد فوج اور دیگر ریسکیو اداروں کی امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں، پاک فوج کے جوان دیگر ریسکیو اور دیگر ریلیف اداروں کے ہمراہ شانہ بشانہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ملبے میں دبے بچوں اور دیگر سکول سٹاف کو ریسکیو کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے، پاک فوج اور دیگر ریسیکو اداروں کے جوان ملبے میں دبے بچوں اور دیگر سٹاف کو نکال کر ہسپتال منتقل کر رہے ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پشاور میں سکول کے المناک حادثے میں بچوں اور اساتذہ کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دلخراش سانحہ نے پوری قوم کوصدمےسے دوچار کر دیا ہے۔

صدر مملکت نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں سکول کی چھت گرنے کے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے، انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی بچوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کر لی، حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پشاور کے سکول میں حادثے کی اندوہناک خبر سے انتہائی صدمہ ہوا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے زخمی ہونے کی خبر پر انہیں دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے، اس مشکل گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ثمر ہارون بلور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو بہترین اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں