حارث رئوف کا فلوریڈا میں لڑائی پر ردعمل سامنے آگیا

حارث رئوف کا فلوریڈا میں لڑائی پر ردعمل سامنے آگیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا فلوریڈا میں پیش آنے والے واقعے پر ردعمل سامنے آگیا۔حارث رؤف نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنا بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ‘میں نے اس معاملے کو سوشل میڈیا پر نہ لانے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن اب ویڈیو سامنے آچکی ہے، تو مجھے لگتا ہے کہ اس صورت حال پر بات کرنا ضروری ہے’۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ ‘عوامی شخصیات ہونے کے ناطے، ہم عوام سے ہر قسم کے تاثرات حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں، فین ہمارے اوپر ہمیں حمایت یا تنقید کرنے کے حقدار ہیں، لیکن جب بات میرے والدین اور میری فیملی کی آئے گی تو میں اس کے مطابق جواب دینے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کروں گا’۔انہوں نے کہا کہ ‘لوگوں اور ان کی فیملی کو احترام دینا ضروری ہے، خواہ ان کا پیشہ کچھ بھی ہو’۔

واضح رہے کہ فلوریڈا میں قومی کرکٹر حارث رؤف کی فین کے ساتھ الجھنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں حارث رؤف اور فین کے درمیان فوٹو بنانے کے لیے تکرار ہوئی۔حارث اپنی اہلیہ کے ساتھ تھے کہ مبینہ طورپر فین نے انہیں گالی دی، جس پر حارث اسے مارنے کےلیے دوڑے، اہلیہ اور دیگر فینز نے بیچ بچاؤ کروادیا۔حارث رؤف کو دیگر فینز نے بھی روکا، حارث رؤف نے بار بار فین کو کہا کہ آپ کے والد نے یہ تربیت کی ہے آپ کی۔

-- مزید آگے پہنچایے --