وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر شاہ، ضیاء لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کے پیچھے منشیات مافیا کا اہم کردار ہے، کراچی میں سٹریٹ کرائم کے تدارک کے لئے ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائی تیز کرنی ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 574 ڈرگ ڈیلرز ہیں، 574 میں سے 299 گرفتار کرکے جیل بھیج دیئے گئے ہیں، 270 مفرور ڈرگ ڈیلرز کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا، 5 ڈرگ ڈیلرز مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایت کی کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹرول کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کچے میں آپریشن کے لئے ڈرونز خریدے گئے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچے میں ڈرون کے استعمال کے حوالے سے افسروں کو تربیت دی جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کچے میں سکھر پولیس کمانڈو سکول کو اپ گریڈ کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔