ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بنگلہ دیش نے نیدرلیڈز، انگلینڈ نے عمان کو باآسانی شکست دیدی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بنگلہ دیش نے نیدرلیڈز، انگلینڈ نے عمان کو باآسانی شکست دیدی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 27 ویں میچ میں بنگلادیش نے نیدرلینڈز کو 25 رنز سے شکست دے دی۔ویسٹ انڈیز کے کنگز ٹاؤن میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بنگلادیش نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔شکیب الحسن 64 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔اس کے علاوہ تنزید حسن 35، محموداللہ  25 ، توحید 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نیدرلینڈز کی جانب سے آریان دت اور میکرین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز  کی ٹیم 8 وکٹ پر 134 رنز بناسکی۔نیدرلینڈز کی جانب سے سائی برینڈ 33 اور وکرم جیت سنگھ 26 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اسکاٹ ایڈورڈز نے 25 اور مائیکل لیوت نے 18 رنز بنائے۔بنگلادیش کی جانب سے  رشاد حسین نے 3 اور تسکین احمد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے 28 ویں میچ میں انگلینڈ نے عمان کو باآسانی شکست دیدی۔انگلینڈ  نے عمان کا 48 رنز کا ٹارگٹ 2 وکٹوں کے نقصان پر 101 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔نارتھ ساؤنڈ میں سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے  عمان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

عمان کی جانب سے صرف شعیب خان ہی 11 رنز بنا سکے جبکہ ٹیم کو کوئی دوسرا بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔عمان کی پوری ٹیم انگلینڈ کیخلاف 47 رنز بنا کر 13.2 اوورز میں آل آؤٹ ہو گئی۔انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے اپنے چار اوورز میں 11 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارک وڈ اور جوفرا آرچر نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کے اوپنر فل سالٹ 3 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 12 رنز بنا کر بلال خان کے ہاتھوں بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔انگلینڈ کے جوز بٹلر 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انگلینڈ نے عمان کی جانب سے 48 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 101 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔انگلینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر ول جیکس 7 گیندوں پر 5 رنز بنا کر کلیم اللہ کی گیند پر پرجاپتی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

-- مزید آگے پہنچایے --