پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے، ملک احمد خان

پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے، ملک احمد خان

قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے۔سپیکر پنجاب اسمبلی و قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، اس موقع پر ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باشتو اور دیگر بھی موجود تھے، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ترکیہ کے سفیر نے پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ برادرانہ، مشترکہ مذہبی اور ثقافتی روایات کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان محبت اور اخوت کا مضبوط رشتہ ہے، دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، انفراسٹرکچر اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں ترکیہ سے تعاون اور اشتراک چاہتے ہیں، پاکستان میں خصوصی اقتصادی سرمایہ کاری کونسل میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولیات دی جا رہی ہیں۔

ملک احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ کے کاروباری حضرات کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی اقتصادی سہولت کاری کونسل سے فائدہ اٹھا کر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔اس موقع پر ترک سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے کہا کہ پاکستان کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں ہونے والی ترقی اور اصلاحات کو ترکیہ انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ترکیہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --