ہنر مند اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کے بغیر ترقی ممکن نہیں، حنیف عباسی

ہنر مند اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کے بغیر ترقی ممکن نہیں، حنیف عباسی

ممبر قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ”تعلیمی ایمرجنسی اور ہماری ذمہ داریاں“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم افراد کے ساتھ ساتھ معاشرے کی بڑے پیمانے پر ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہنر مند اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ کردار سازی تعلیم کی بنیادی خصوصیات میں سے ایک ہے، اس لیے تعلیمی عمل کے ذریعے طلبہ میں ایمانداری، سچائی، غیر جانبداری اور ہمدردی جیسی خوبیاں پیدا کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 26 ملین بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم ان کا اندراج کریں اور انہیں تعلیم فراہم کرکے اور ہنر مندی کی نشوونما کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملک کے لیے مفید شہری بنائیں۔ ملک کی ترقی کے مقصد کے حصول اور خواندگی کی سطح کو بڑھانے کے لیے اساتذہ کی مہارت کی سطح میں بہتری بھی یکساں اہم ہے۔ محمد شہباز شریف پہلے وزیر اعظم ہیں جو خواندگی کی سطح کو بڑھانے اور اسکول سے باہر بچوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ بنانے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے سکول سے باہر بچوں کو معاشرے پر بوجھ بننے کی بجائے فائدہ مند افراد بنانے کے لیے پہل کرنے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان بچوں کے لیے مساجد، چیمبر ہاؤسز اور کمیونٹی ہالز میں شام کی کلاسز شروع کرنے کی اجازت دے جن کے والدین تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح ہم معاشرے میں ایک انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ خواندگی کی شرح کے ساتھ ساتھ مہارت کی ترقی ملک کیلئے انتہائی ضروری ہے۔

احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی پہلے ہی اس مقصد کے لیے کام کر رہا ہے۔ انڈسٹری اور اکیڈمی روابط کے فروغ کے لیے یونیورسٹیوں کے ساتھ متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں، چیمبراسکولوں اور کالجوں میں اسٹڈی رومز کی تعمیر کے لیے گرانٹ فراہم کر رہا ہے، تعلیمی اداروں میں پانی کی فلٹریشن پلانٹس کی فراہمی، کمپیوٹراور لیبارٹری کے سامان کی دستیابی ک یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دروازے اس نیک مقصد کے لیے کھلے ہیں اور وہ وزارت تعلیم کے ساتھ ساتھ اس پر کام کرنے والی این جی اوز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک وژنری لیڈر ہیں جنہوں نے نہ صرف تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی بلکہ ہدف کے حصول کے لیے 4 سال کا فریم ورک بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم تعلیمی بجٹ کو کل ترتیب کے 0.5% سے بڑھا کر 5% کرنے کے لیے بھی پرعزم ہیں جس سے ملک میں خواندگی کی سطح کو بڑھانے میں یقینی طور پر فرق پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اس سنگ میل کو حاصل کرنے میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے اقدام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مختار، وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی، اسلام آباد نے کہا کہ ان کی یونیورسٹی ہر ایک کو داخلے کا موقع فراہم کر رہی ہے اور نوجوانوں کو باعزت طریقے سے روزی کمانے کے لیے ضروری ہنر سے آراستہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی یونیورسٹی ICCI کے ساتھ ایسے طلباء کو فنی تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے جو میٹرک کے بعد اپنی تعلیم جاری رکھنے میں ناکام رہتے ہیں۔ پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر سیدہ ضیاء بتول نے کہا کہ پرائیوٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی شرخ خواندگی بڑھانے کے لیے پوری دلجمعی سے کام کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے وہ پہلے سے ہی غیر رسمی اسکولوں کی رجسٹریشن کر رہی ہے۔

سینیٹر میاں عتیق الرحمان نے اس اہم قومی مسئلے پر سیمینار کے انعقاد پر آئی سی سی آئی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی بہتری کے لیے ہر فرد کو خود کو آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کرکے ڈیجیٹل دنیا میں داخل ہونا ہوگا۔بلال عزیز، پروگرام سپیشلسٹ (یوتھ اینڈ آڈٹ لٹریسی) جائیکا نے پاکستان بھر میں سکول نہ جانے والے بچوں کے بارے میں حقائق اور اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے زیادہ تر بچوں کا پہلے ہی اندراج ہو چکا ہے اور باقی 2025 کے آخر تک داخل ہو جائیں گے۔

اسماء ملک، سی ای او لفٹ فاؤنڈیشن نے بتایا کہ کس طرح سکول سے باہر بچوں کو غیر رسمی سکولوں میں داخل کرایا جا سکتا ہے تاکہ انہیں تعلیم اور جدید ترین ہنر فراہم کر کے انہیں نتیجہ خیز افراد بنایا جا سکے۔سیمینار میں مختلف یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران اور طلباء، سول سوسائٹی کے ممبران، سٹیک ہولڈرز اور ICCI کے ایگزیکٹو ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں ICCI کمیٹی برائے HEC کے کنوینر عدنان مختار، محترمہ عظمیٰ مختار اور عروج ملک شامل تھے۔

-- مزید آگے پہنچایے --