وزیر اعظم محمد شہباز شریف چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کیانگ کی دعوت پر منگل سے چین کا پانچ روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔تین حصوں کے دورے کے دوران وزیر اعظم بیجنگ کے علاوہ ژیان اور شینزین کے شہروں کا بھی دورہ کریں گے۔شہباز شریف بیجنگ میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم لی کیانگ سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔
وہ نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی اور اہم سرکاری محکموں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔وزیراعظم کے دورے کا ایک اہم پہلو تیل و گیس، توانائی، آئی سی ٹی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں کام کرنے والی سرکردہ چینی کمپنیوں کے کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں ہوں گی۔
شینزن میں وزیراعظم چین پاکستان بزنس فورم سے دونوں ممالک کے سرکردہ تاجروں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے خطاب کریں گے۔وہ چین میں اقتصادی اور زرعی زونز کا بھی دورہ کریں گے۔دونوں فریقین چین پاکستان اقتصادی راہداری کو مزید اپ گریڈ کرنے اور تجارت اور سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت کریں گے۔یہ بات چیت سلامتی اور دفاع، توانائی، خلائی، سائنس اور ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے کی جائے گی۔