اسلام آباد کی مارگلہ پہاڑیوں پر ایک بار پھر شدید آگ بھڑک اٹھی۔ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترجمان نے بتایا کہ کی ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے موقع پر پہنچ چکی ہیں، سی ڈی اے کے 80 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ترجمان سی ڈی اے نے کہا کہ آگ پر جلد قا بو پانے کے لیے مزید ٹیمیں روانہ کر دی گئ ہیں۔ چئیر مین سی ڈی اے محمد علی رندھاواکی ہدایت پر ڈی جی انوائرمنٹ خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق چیئر مین سی ڈی اے و چیف کمشنر کی ہدایت پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر موقع پر موجود ہیں،ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن بھی آگ بجھانے کے عمل کا جائزہ لینے موقع پر موجود ہیں، تیز ہوا اور گرم موسم کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے، آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروکار لائے جارہے ہیں۔
بعد ازاں مارگلہ پہاڑیوں پر آگ لگانے کے شک میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، تینوں افراد کو کلینجر ویلی سے پکڑا گیا، پکڑے گئے تینوں افراد کو پولیس کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے بتایا کہ آگ کو رہائشی علاقے سے محدود رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں، آگ بجھانے کے عمل میں فائیر فائٹرز اور ہیلی کاپٹرز حصہ لے رہے ہیں، گرمی کی شدت اور ہوا میں تیزی کی وجہ سے آگ پھیل بھی رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے، آگ لگانے والے 15 افراد کے خلاف دو روز قبل بھی مقدمات درج کروائے گئے ہیں، پہاڑیوں پر آگ لگنے کے حوالے سے آئندہ چند روز میں مزید گرفتاریاں کی جائیں گی، شہریوں سے درخواست ہے کہ ملوث افراد کی نشاندہی لازمی کریں۔