عمران خان آپ نے جو کروانا ہے تیاری کریں، ہم آپ کو روک کر دکھائیں گے،وزیر داخلہ

عمران خان آپ نے جو کروانا ہے تیاری کریں، ہم آپ کو روک کر دکھائیں گے،وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان آپ کو جو کرنا یا کروانا ہے اس کی تیاری کریں، ہم آپ کو روک کر دکھائیں گے، آپ نے امن عامہ کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی تو سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا، قانون کی حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ لوگوں نے آج سارا دن گھٹیا گفتگو دیکھی، فرعونیت، تکبر اور غرور میں غرق لوگوں نے آج سیاسی مخالفین، افسران کا نام لے لے کر گالیاں اور دھمکیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ شاید یہی وہ لمحات تھے جب اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کرنے اور فسادیوں اور عمرانی فتنے کو سرنگوں کرنے کا فیصلہ کیا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ تجربہ کار سیاستدان چوہدری شجاعت حسین کے فیصلے نے پاکستان کو عمرانی فتنے سے محفوظ کیا، اس ٹولے کے فساد سے محفوظ کیا اور آج ملک میں جمہوریت اور رواداری کو فروغ دیا ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ میاں حمزہ شہباز اکثریت حاصل کرکے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے ہیں، ان کے انتخاب میں ان غریبوں کی دعاؤں کا بھی اثر ہوگا جن کے بجلی کے بل معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس فسادی ٹولے نے شور کیا تھا جس کے باعث یہ فیصلہ مؤخر ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ان کی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) اور اس عمل میں جتنے بھی کردار شامل تھے ان سب کو اپنی اور اپنی جماعت کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کے ضمنی انتخابات کا نتیجہ پی ایم ایل (ن) کے اپنے فیصلے کی وجہ سے ہمارے خلاف آیا تھا، ہم نے اپنے اس غلط فیصلے کو بھی تسلیم کیا، اور انتخابی نتائج کو بھی تسلیم کیا لیکن اس کے باوجود ہمیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو گالیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ہمارے ووٹوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ہمارے اور پی ٹی آئی کے ووٹوں میں معمولی فرق تھا۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے اس عمرانی فتنے کو جس ذلت سے دوچار کیا ہے، جس طرح اس کی شناخت پوری قوم کو ہو رہی ہے، یہ الیکشن کا سال ہے اور جب عام انتخابات ہوں گے تو پاکستان کی سیاسی جماعتیں مل کر اس فتنے کا ہر علاقے میں مؤثر اور شافی علاج کریں گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --