وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئے انتظامات کے تحت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پہلے مرحلے کو تیز کرنے کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی قیادت میں اعلیٰ اختیاراتی سعودی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ، اقتصادی اور تزویراتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وفد کا دورہ ان کے دورے کے فوراً بعد دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اس کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار اور SIFC کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تمام اداروں کے تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔
اپنی طرف سے سعودی وزیر خارجہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط اور قریبی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کے لیے مملکت کے عزم سے بھی آگاہ کیا۔
مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔