پیپلز پارٹی کے اویس قادر شاہ سپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے جس کے بعد انہوں نے عہدے کا حلف اٹھا کر فرائض سنبھال لئے۔سپیکر کے انتخاب کے لئے مجموعی طور پر 147 ووٹ کاسٹ ہوئے، اویس قادر شاہ نے 111 ووٹ حاصل کئے جبکہ ایم کیو ایم کی صوفیہ سعید شاہ نے 36 ووٹ حاصل کئے۔
انتھونی نوید 111 ووٹ لیکر ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوئے، ایم کیو ایم کے راشد خان نے 36 ووٹ حاصل کئے۔اویس قادر شاہ حلف اٹھانے کیلئے کھڑے ہوئے تو ایوان میں ’بھٹو زندہ باد‘ کے نعرے گونجنے لگے، اس کے بعد انہوں نے سندھی زبان میں حلف اٹھایا، سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اویس قادر شاہ سے حلف لیا۔ایم کیو ایم کی امیدوار سپیکر صوفیہ سعید شاہ نے اویس قادر شاہ کو سپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سپیکر کیلئے سید اویس شاہ اور ایم کیو ایم کی جانب سے سپیکر کیلئے صوفیہ سعید شاہ کو نامزد کیا گیا تھا۔
نومنتخب سپیکر نے حلف اٹھانے کے بعد کہا کہ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، پیپلز پارٹی کو کامیاب کرانے پر سندھ کے عوام کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ عہدے کیلئے نامزد کرنے پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو، آصف زرداری، فریال تالپور کا شکر گزار ہوں، سکھر سے پہلی بار سندھ اسمبلی کا سپیکر بنا ہے، سندھ اسمبلی نے پاکستان کی قرار داد پاس کی۔سید اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ غیرجانبدار رہ کر عہدے پر کام کروں گا، تمام ممبران کو ساتھ لے کر چلوں گا، ماضی میں جو کچھ ہوا اسے بھول کر نئی شروعات کریں۔