پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 16 رنز سے فتح حاصل کرلی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنا سکی۔پی ایس ایل 9 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جارحانہ آغاز کیا اور زلمی کو 5 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جیسن رؤئے اور سعود شکیل نے جارحانہ آغاز کرکے نصف سنچریاں اسکور کرکے ٹاپ اسکورر رہے۔سعود شکیل 74 رنز پر لیوک ووڈ کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے جبکہ جیسن رؤئے 75 رنز پر سلمان ارشد کی گیند پر صائم ایوب کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے۔کپتان ریلی روسو 14 رنز بنا سکے، شیرفین ردرفورڈ 20 رنز، محمد وسیم 4 رنز بنا سکے جبکہ خواجہ نافے 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔زلمی کے سلمان ارشد نے 3 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ لیوک ووڈ اور محمد ذیشان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
گلیڈی ایٹرز کے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے کپتان کپتان بابر اعظم 68 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ صائم ایوب 42 رنز بنا سکے۔محمد حارث 7، ٹام کوہلر کیڈمور 18 رنز، روومین پاول 17 رنز اور ڈین موسلے 11 رنز بنا سکے جبکہ آصف علی 2 اور عامر جمال 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ابرار احمد نے 2 جبکہ محمد عامر، عقیل حسین اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی اب تک 21 میچز میں آمنے سامنے آچکے ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 9 اور پشاور زلمی نے 12 میچز جیتے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں کے بعد شکست دے دی تھی۔