سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں آپریشن کے دوران داعش سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت رنگ لیڈر صورت گل عرف سیف اللہ کے نام سے ہوئی جس کا تعلق دہشتگرد تنظیم داعش سے تھا، ہلاک دہشتگرد علاقے میں ٹارگٹ کلنگ، شہریوں سے بھتہ وصولی اور اغواء میں ملوث تھا جبکہ ہلاک دہشتگرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں کسی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کے امکان کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔