اسحاق ڈار کا دولتِ مشترکہ سے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ

5

 پاکستان نے بانی رکن کی حیثیت سے دولتِ مشترکہ کے ساتھ اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں مارلبورو ہاؤس میں دولتِ مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی بوٹچوے سے ملاقات کے دوران پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے دولتِ مشترکہ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سیکریٹری جنرل کے وژن اور کوششوں کے لیے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔

نائب وزیراعظم نے نوجوانوں کی ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت اور معاشی ترقی سے متعلق دولتِ مشترکہ کے ایجنڈے کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے بینکاری کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کی حمایت بھی کی۔

اسحاق ڈار نے موسمیاتی خطرات میں کمی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبے میں پاکستان کی مہارت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک ان شعبوں میں پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تحت دولتِ مشترکہ ڈیزاسٹر ریزیلینس ہب قائم کرنے کی پاکستان کی پیشکش بھی دہرائی۔

ملاقات میں دولتِ مشترکہ کے اندر تعاون مزید مضبوط بنانے اور نوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے دولتِ مشترکہ کے وزرائے نوجوانان اجلاس کی پاکستان کی مشترکہ صدارت کے تحت نوجوانوں کے لیے مزید مواقع اور فوائد پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے دولتِ مشترکہ کی سیکریٹری جنرل کو مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال، بالخصوص امریکا اور ایران کے درمیان امن کے لیے پاکستان کی کوششوں اور ثالثی سے بھی آگاہ کیا۔

شرلی بوٹچوے نے اس حوالے سے پاکستان اور بالخصوص نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی کوششوں پر مبارکباد دی۔ انہوں نے تباہ کن تنازع سے بچاؤ اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں