پاکستان سفارتی سطح پر بھارت کو شکست دیکر یونیسکو (اقوام متحدہ کی تنظیم برائے تعلیم، علم و ثقافت) کے ایگزیکٹو بورڈ کا ممبر اور بھارت کو ہرا کر وائس چیئرمین منتخب ہوگیا۔
نومبر2023ء میں اقوام متحدہ کی سرپرستی میں گروپ الیکشن کا انعقاد ہوا تھا جس میں پاکستان 2023ء سے 2027ء کی مدت کیلئے یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ ممبر کے طورپر دوبارہ منتخب ہوگیا، 15 نومبر 2023 کو ہونے والے الیکشن میں پاکستان نے سب سے زیادہ 154 ووٹ حاصل کئے تھے۔
یونیسکو ایگزیکٹو بورڈ کی وائس چیئرمین شپ کیلئے پاکستان نے بھارت کو شکست دوچار کیا، وائس چیئرمین کیلئے 58 رکنی ایگزیکٹو بورڈ میں سے پاکستان نے 38 اور بھارت نے 18 ووٹ حاصل کئے، یہ کامیابی ملک کیلئے باعث فخر ہے کیونکہ یہ عالمی سطح پربہت بڑی کامیابی ہے۔
پاکستان کے پاس 2023ء سے 2025ء تک یونیسکو ایگزیکٹو بورڈ کی وائس چیئرمین شپ رہے گی۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھاکہ پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کی کوششیں ناکامی سے دوچار ہوئیں اور پاکستان کا 2027ء تک یونیسکو بورڈ کا ممبر منتخب ہونا اہم سفارتی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یونیسکو کے مشترکہ اہداف کیلئے رکن ممالک کے ساتھ کام کرتا رہے گا اور پاکستان کا دوبارہ انتخاب اقوام متحدہ میں دیرینہ حمایت اور تعمیری کردار کا ثبوت ہے۔